ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیندور فالس میں غرق ہوکر مینگلور کالج کا طالب علم فوت

بیندور فالس میں غرق ہوکر مینگلور کالج کا طالب علم فوت

Sat, 08 Apr 2023 23:21:11    S.O. News Service

بیندور 8/اپریل (ایس او نیوز) بیندور کے کوسلّی فالس میں غرق ہوکر مینگلور کالج کا ایک طالب علم جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت چکمنگلور کے رہائشی چیرانت شٹی (20) کے طور پرکی گئی ہے۔ غرق ہونے کی واردات جمعہ کو پیش ٓآئی تھی، البتہ کافی تلاشی کے بعد آج سنیچر کو اس کی نعش برآمد کی گئی۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق چکمنگلور کے کوپّا تعلقہ کے اے ایس آئی کمار شٹی کا فرزند چیرانت شٹی مینگلورکے ایک کالج میں زیر تعلیم تھا۔ گُڈ فرائیڈے کی چھٹی پر اپنے ہم جماعت دوستوں کے ساتھ جمعرات کو ہی وہ بیندورگیا تھا، جمعہ کی دوپہر کو اپنے دوستوں کے ساتھ بیندور کے کوسلّی فالس سیاحت کےلئے پہنچا تھا، بتایا گیا ہے کہ اس کے دوستوں کو تیراکی نہیں آتی تھی، اس لئے کوئی بھی دوست فالس میں نہیں اُترا، البتہ چیرانت شٹی اکیلا تیرنے کے لئے فالس میں اُترا تھا اور کچھ ہی دیر میں فالس میں غرق ہوکر لاپتہ ہوگیا۔

اطلاع ملتے ہی پولس اور فائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوع پر پہنچا۔ جمعہ کی شام سے ہی تلاشی مہم شروع کی گئی، مگر کوئی پتہ نہیں چل پایا تھا۔ آج سنیچر کو اس کی نعش فالس سے برآمد کی گئی۔

بیندورپولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔


Share: